.

وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو فون

باہمی تعلقات کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے سمیت باہمی مفادات پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے شہزادہ بندر بن عبدا لعزیز السعود کی وفات پر تعزیت کی۔

ترجمان نے بتایا کہ اس موقع پر دونوں رہنماوں نے پاک سعودی قریبی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور وزیراعظم نے سعودی عرب کی پاکستان کے لیے سیاسی اور اقتصادی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا سعودی عرب سے بہترین تعلقات پاکستان کی اولین ترجیح ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتباردوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی طرف سے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے کو بھلا نہیں سکتا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے باہمی تعلقات کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے سمیت باہمی مفادات پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان شاندار تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے تمام شعبوں میں پاکستان کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔