.

لائن آف کنڑول پر بھارتی فوج کی فائرنگ، 2 بزرگ شہری جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کی گئی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں دو بزرگ شہری جاں بحق ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے ہاٹ اسپرنگ سیکٹر پر مارٹرز اور ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل کا استعمال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ’بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ناگری گاؤں کے 75 سالہ لعل محمد اور 61 سالہ حسن دین نامی شہری شہید ہو گئے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا جہاں سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 2 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے حوالے بھارت کے یک طرفہ اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

بھارتی فوج ایل او سی پر جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے جبکہ گذشتہ ہفتے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے بھی نشانہ بنایا تھا۔ یاد رہے کہ گذشتہ دو برس کے دوران بھارت نے ایک ہزار 9 سو 70 مرتبہ سے زائد مرتبہ حد متارکہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی۔