
بھارت کی حد متارکہ پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک
ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارت کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائیں گے: ترجمان پاک فوج
پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول [حد متارکہ] کے مختلف سیکٹر پر بھارتی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی جبکہ پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شدید فائرنگ کی جس پر پاک فوج بھی بھی موثر جواب دیا۔
Targeting innocent civilians by Indian Army is an attempt to justify their false claims of targeting alleged camps. Injured civilians evacuated to District hospitals. UNMOGIP as well as domestic & foreign media have open access to AJK, a liberty not available in IOJ&K. pic.twitter.com/mTyxCteYti
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) October 20, 2019
فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور 3 شہری جاں بحق جبکہ 2 سپاہی اور 5 شہری زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک اور دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔
Indian Army shall always get befitting response to CFVs. Pakistan Army shall protect innocent civilians along LOC & inflict unbearable cost to Indian Army. Indian lies to justify their false claims & preparations for a false flag operation will continue to be exposed with truth.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) October 20, 2019
لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی سے متعلق اپنی ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹ چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین اور مقامی وغیر ملکی میڈیا نمائندگان کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انہیں یہ آزادی حاصل نہیں۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر ناقابل برداشت قیمت چکانی پڑے گی۔ جھوٹے بھارتی دعوؤں اور جعلی فلیگ آپریشن کی تیاریوں کو سچ بتا کر بے نقاب کرتے رہیں گے۔
آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے اور زخمیوں کو لے جانے کے لئے کوشش کر رہی ہے۔ اس کے لئے اس نے امن کا سفید پرچم لہرا دیا ہے۔ بھارتی فوج کو بلااشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے۔ بھارتی فوج کو عسکری آداب کا احترام کرتے ہوئے شہری آبادیوں کونشانہ نہیں بنانا چاہیے۔