.

وزیراعظم پاکستان کی ایک روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ اپنے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں وزیر اعظم مدینہ پہنچے ہیں جہاں شاہی ٹرمینل پر مدینہ کے ڈپٹی گورنر وحیب السہلی اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے میں سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعاون اور دونوں ملکوں کی قیادت کے باقاعدگی سے ہونے والے وفود کے تبادلوں کا حصہ ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی چند دن پہلے استنبول میں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کانفرنس میں شرکت کے بعد سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کر چکے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی ملاقات میں کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں برس فروری میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ملکوں کے مابین کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے اور دونوں ممالک میں تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔