.

سعودی وزیرخارجہ کی وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود ایک روزہ دورے پر جمعرات کو اسلام آباد پہنچے ہیں۔انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کا اکتوبر میں سعودی وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔وہ سب سے پہلے وزارت برائے خارجہ امور میں پہنچے جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزارت خارجہ میں پہلے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی اوراس میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے بعد شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستانی وزیرخارجہ کے درمیان تنہائی میں بالمشافہ (ون آن ون) ملاقات ہوئی ۔

شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کا مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔طرفین نے اس ایشو پر دوطرفہ ملاقاتیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی موجود تھے۔میڈیا رپورٹس میں ملائشیا سمٹ میں پاکستان کے عدم شرکت کے فیصلے کے بعد سعودی وزیر خارجہ کے اس دورہ کو بڑی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا ہے۔