ابوظبی کے ولی عہد کا عمران خان سے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نےجمعرات کو اسلام آباد کا ایک روزہ دورہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کے علاوہ باہمی مفاد کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ابو ظہبی کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی امور تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں،دوطرفہ تعلقات اورتعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اقتصادی رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پاکستان معاشی طورپر مستحکم ہورہاہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔

Advertisement

انھوں نے کہا کہ وہ یو اے ای کی طرف سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اماراتی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گا۔انھوں نےچھوٹےاوردرمیانے درجے کی صنعتوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ اس وقت 16 لاکھ پاکستانی یو اے ای کی تعمیر وترقی میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔ سمندر پار پاکستانی متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتےہیں۔ وزیراعظم نےپاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں تعاون پر امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو 150 دن سے محصور کررکھا ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے جبکہ اماراتی ولی عہدنے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

شیخ محمد بن زاید کے اس دورے سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان اسلام آباد آئے تھے۔انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے الگ الگ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی تھی۔

گذشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔انھوں نے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا تھا اور انھیں سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے بارے میں تجویز سے آگاہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے 14دسمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔اسی روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ابوظبی کا دورہ کیا تھا اور ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ملاقات میں علاقائی سلامتی کے ماحول اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں