پاکستان کا مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہار تشویش
مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سے علاقائی امن واستحکام کو سنگین خطرہ ہے: دفتر خارجہ
پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے علاقائی امن واستحکام کو سنگین خطرہ ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ خود مختاری اور سالمیت کا احترام اقوام متحدہ چارٹر کے بنیادی اصول ہیں۔ یک طرفہ اقدامات اور طاقت کے استعمال سے گریز بہت اہم ہے۔
پاکستان نے تمام فریقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لئے تعمیری رابطے اور سفارتی چینل استعمال کریں۔ فریقین اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ حل کریں۔
خیال رہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر راکٹ حملے میں ایران کی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
العربیہ نیوز چینل کے مطابق بغداد کارگو ٹرمینل کے قریب سڑک پر 2 گاڑیوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا جس میں القدس فورس کے سربراہ جنرل سلیمانی اور عراق کی پاپولر موبائلائزیشن فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس ہلاک ہوئے۔