پاکستان کا فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد دوم کا کامیاب تجربہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان نے منگل کے روز فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد دوم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کروز میزائل 600 کلومیٹر تک زمین اور سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ یہ جدید رہ نما اور سمت نما (نیوی گیشن) نظاموں سے آراستہ ہے تاکہ اس سے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا جاسکے۔

Advertisement

تزویراتی منصوبہ بندی (اسٹریٹجک پلانز) ڈویژن (ایس پی ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل ، لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج ،قومی انجنیئرنگ اور سائنس کمیشن کے چئیرمین ڈاکٹر نبیل حیات ملک ،ایس پی ڈی کے سینیر افسر ،تزویراتی فورسز اور تنظیموں کے اعلیٰ عہدے دار بھی رعد میزائل کو فضا میں چھوڑنے کے موقع پر موجود تھے۔اس نے زمین پر اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا ہے۔

ایس پی ڈی کے ڈائر یکٹر جنرل نے ان تمام سائنس دانوں اور انجنیئروں کی فنی مہارت ،لگن اور عزم کو سراہا ہے جنھوں نے میزائل کی تیاری اور اس کے کامیاب تجربے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے اس کو پاکستان کی سدِّ جارحیت کی صلاحیت میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت قراردیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجنیئروں کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 23 جنوری کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب آزمائشی تجربہ کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں