.

پاکستان میں ایک دن میں کرونا وائرس کے 19 کیس، پنجاب میں بھی وبا پہنچ گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں حکام نے ایک دن میں مہلک وائرس کرونا کے 19 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اب یہ وائرس بڑے صوبہ پنجاب میں پہنچ گیا ہے۔اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہوگئی ہے۔

صوبہ سندھ کی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ ضلع سکھر سے تعلق رکھنے والے تیرہ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔یہ افراد حال ہی میں ایران سے تفتان بارڈر کے راستے پاکستان لوٹے تھے اور انھیں سرحدی علاقے ہی میں طبی تنہائی میں رکھا گیا تھا۔

صوبہ سندھ کے محکمہ صحت نے بڑے شہر کراچی میں کرونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق کی ہے۔صوبائی وزیر صحت کی میڈیا کوآرڈی نیٹر میران یوسف نے بتایا ہے کہ یہ متاثرہ شخص ہفتے کو کوئٹہ سے کراچی آیا تھا۔اس سے پہلے حکام نے ملک کے سب سے بڑے شہرآج چار نئے کیسوں کی اطلاع دی تھی۔اس شخص کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے۔

صوبہ سندھ میں اب تک کرونا وائرس کے 35 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر صوبے میں تمام پارک اور تفریح گاہیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی کے میئر وسیم اختر نے الگ سے شہر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام تمام پارک اور تفریح گاہیں بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی آج کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔صوبہ کے سیکریٹری صحت ریٹائرڈ کپتان محمد عثمان نے بتایا ہے کہ اس 54 سالہ مریض کو ہفتے کی شب کرونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد میو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔یہ شخص 10مارچ کو برطانیہ سے لوٹا تھا۔اس سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کے بھی کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں لیکن ان کے نتائج منفی آئے ہیں۔