.

اسلام آباد کے نواح میں کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آنے پر علاقہ سیل، آمد ورفت پر پابندی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے دارالخلافہ اسلام آباد کے نواحی علاقے بھارہ کہو کو کرونا کے کیسز سامنے آنے پر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ علاقے داخلی و خارجی راستے بند کر کے شہریوں کے باہر نکلنے پر پابندی لگا دی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو کی یونین کونسل کوٹ ہتھیال میں کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آئے جس کے سبب علاقے میں سکیورٹی کے 3 حصار بنائے گئے ہیں تاکہ علاقہ مکینوں کے شہر سے باہر جانے یا لوگوں کے علاقے میں داخل ہونے پر مکمل پابندی عائد کی جا سکے۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ بھارہ کہو کو جانے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں کرونا وائرس کے پہلے کیسز ایک مقامی مسجد میں موجود تبلیغی جماعت کے رکن میں سامنے آئے جس کے بعد اس مسجد کو سیل کر کے علاقے میں لاک ڈائون کر دیا گیا تھا مگر اس کے باوجود کرونا کیسز روز بروز بڑھ رہے ہیں۔