.

ترکی میں کرونا وائرس سے 725 ہلاکتیں،پاکستان کے وزیراعظم کا اظہارِتعزیت

عمران خان کی ترک صدرسے ٹیلی فون پر گفتگو،مہلک وَبا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پراتفاق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے مزید 76 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اب تک اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 725 اور تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 3892 ہوگئی ہے۔

ترکی کے وزیر صحت فخرالدین کوکا نے منگل کے روز انقرہ میں نیوزکانفرنس میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ اب تک اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے 256 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 20023 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

دریں اثناء پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور ان سے ترکی میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے صدر ایردوآن کو پاکستان کی جانب سے ترکی کی اس مہلک وَبا پر قابو پانے کے لیے کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق دونوں لیڈروں نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ پاکستان اور ترکی کو کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کی کوششوں میں ہاتھ بٹانا چاہیے اور اس ضمن میں باہم مربوط انداز میں کام کرنا چاہیے۔