طیارے کے انجن پرندے ٹکرانے سے بند ہوئے: ابتدائی رپورٹ

پائلٹ نے مے ڈے کی کال بھی دے دی تاہم طیارہ پہلے ہی مکانات سے ٹکرا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

انجمن شہری ہوابازی کے حکام کو طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ دے دی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ پرندے ٹکرانے کے سبب جہاز کے انجن بند ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثہ کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی جو کہ ایوی ایشن حکام کو دے دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ لینڈنگ گیئر جام ہونے کے بعد پرندوں سے بھی ٹکرایا جس کے باعث حادثہ رونما ہوا۔

رپورٹ کے مطابق لینڈنگ گیئر خراب ہونے کے بعد پائلٹ طیارے کو قواعد کے مطابق لینڈنگ کے لیے نیچے لائے لیکن اس دوران بدقسمت طیارے سے ایک سے زیادہ پرندے ٹکرا گئے اور اسی دوران طیارے کے دونوں انجن جزوی طور پر بند ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انجنون سے کم طاقت ملنے کے سبب جہاز کی بلندی انتہائی کم ہوتی گئی اور کچھ ہی دیر میں جہاز اپنی بلندی برقرار نہ رکھ سکا۔ اس موقع پر پائلٹ نے ’’مے ڈے‘‘ کی کال بھی دے دی تاہم طیارہ رن وے پر پہنچنے سے پہلے ہی آبادی والے علاقے میں مکانات سے ٹکرا گیا اور جس وقت طیارہ مکانات کی بالائی منزل سے ٹکرایا اس وقت وہ گلائیڈ کر رہا تھا۔

درایں اثنا وفاقی حکومت نے طیارہ حادثہ کی چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔ ایئر کموڈور محمد عثمان غنی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہوں گے جب کہ دیگر ارکان میں ونگ کمانڈر ملک محمد عمران، گروپ کیپٹن توقیر اور جوائنٹ ڈائریکٹر ایئر ٹریفک کنٹرول ناصر مجید شامل ہیں۔ سول ایوی ایشن ڈویژن نے تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں