پاکستان میں شوّال کا چاند نظرآگیا، اتوار کوعیدالفطر منانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان میں شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے اور اتوار کو ملک بھر میں مذہبی جوش وعقیدت سے عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

پاکستان کی مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان نے ہفتے کی شب قریباً دس بجے نئے قمری مہینے کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا ہے۔ان کے زیر صدارت مرکزی کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا اور زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس علاقائی صدردفاتر میں منعقد ہوئے ہیں۔

Advertisement

مفتی منیب الرحمان نے صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن اور ملک کے بعض دوسرے علاقوں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہونے اور ان کے جائزے کے بعد عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چودھری نے از خود ہی اتوار کو عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا تھا۔ انھوں نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں ملک کے آٹھ علاقوں کی نشان دہی کی تھی ، جہاں ان کے بہ قول شوّال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ’’ پاکستان کو24 مئی ہی کو عید منانی چاہیے خواہ چاند نظر آتا ہے یا نہیں آتا ہے،یہ ایک غیر متعلقہ چیز ہے۔‘‘

انھوں نے یہ دعویٰ کیا کہ یہ پہلا موقع ہوگا مسلم ممالک میں ایک ہی دن میں عیدالفطر منائی جائے گی لیکن پاکستان میں رمضان کے انتیس روزے ہوئے ہیں اور سعودی عرب سمیت عرب اور دوسرے ممالک میں رمضان المبارک کے تیس روزے ہوئے ہیں اور وہاں بھی اتوار کو عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نورالحق قادری نے فواد چودھری کے اس اعلان کی تائید نہیں کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ عید کا فیصلہ علماء کو کرنا چاہیے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو رؤیت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید منانی چاہیے۔

پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں عیدالفطر سوموار کو منائی جائے گی۔اس کی مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چئیرمین سید احمد بخاری اور تاریخی دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کی رؤیت ہلال کمیٹی نے ہفتے کی شام شوّال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں