.

پاکستان کے معروف لیجنڈری ٹی وی میزبان طارق عزیز چل بسے!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف لیجنڈری میزبان ، صداکار اور اداکار طارق عزیز لاہور میں بدھ کے روز انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 84 سال تھی۔

طارق عزیز غیر منقسم برطانوی ہندوستان کے ضلع جالندھر میں 28 اپریل 1936ء کو پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان ہجرت کرکے ساہیوال آبسا تھا۔وہیں سے انھوں نے پرائمری تعلیم حاصل کی تھی۔ ان کے والد میاں عبدالعزیز تقسیم سے قبل بھی خود کو پاکستانی کہلاتے تھے۔

طارق عزیز خداداد صلاحیتوں کے حامل تھے۔ انھوں نے 1960ء کے عشرے کے اوائل میں ریڈیو پاکستان سے صداکار کی حیثیت سے اپنے پیشہ ورانہ کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔نومبر 1964ء میں جب پاکستان ٹیلی ویژن نے لاہور سے اپنی نشریات کا آغاز کیا تو وہ اس کے پہلے میزبان تھے۔وہ پروگراموں کی میزبانی کے علاوہ خبریں بھی پڑھا کرتے تھے۔

انھوں نے 1974ء میں پاکستان ٹیلی ویژن سے نیلام گھر کے نام سے اپنا معروف پروگرام شروع کیا تھا۔سوال وجواب اور رنگا رنگ سرگرمیوں پر مشتمل یہ پروگرام کوئی چار عشرے تک نشر ہوتا رہا تھا اور 1997ء میں نیلام گھر کو بزم طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا تھا۔

مرحوم طارق عزیز گفتگو کے فن میں یدِ طولیٰ رھتے تھے۔ان کا حافظہ بلا تھا اور انھیں مختلف اساتذہ کے سیکڑوں اشعار یاد تھے۔ وہ خود بھی شاعری کیا کرتے تھے۔ انھوں نے اسٹیج ،ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی تھی۔ ان کی سب سے پہلی فلم انسانیت 1967ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ ان کی دوسری مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان شامل ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے انھیں 1992ء میں ان کی تفریحی صنعت کے شعبے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں تمغا حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔انھوں نے 1997ء میں منعقدہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ کے ٹکٹ پر لاہور سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا تھا اور50 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر منتخب ہوئے تھے۔ ان کے مدمقابل موجودہ وزیراعظم عمران خان تھے اور وہ تب صرف ساڑھے چار ہزار ووٹ حاصل کرسکے تھے۔

وزیراعظم عمران خان ، پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور دوسرے سیاسی رہ نماؤں نے طارق عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ٹویٹر پر ان کے مداح انھیں بھرپو انداز میں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں اور ان کے نام سے ٹرینڈ ٹاپ پر ہے۔