.

پاکستان آئے سکھ یاتریوں کی وین اور ٹرین میں ٹکر، 19 افراد ہلاک

مسافر وین میں 25 کے قریب سکھ کمیونٹی کے افراد سوار تھے: ترجمان ریلوے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے قریب فاروق آباد کے علاقے میں کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین اور سکھ یاتریوں کی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 18 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پاکستان ریلوے کی ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور آتے ہوئے شاہ حسین ٹرین کو یہ حادثہ فاروق آباد اور بحالی ریلوے سٹیشن کے قریب پیش آیا۔ ترجمان ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ مسافر وین میں 25 کے قریب سکھ کمیونٹی کے افراد سوار تھے۔

ادھر ترجمان ریسکیو 1122 نے حادثے میں 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ زخمیوں کو شیخوپورہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی سی شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں‌ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی فاروق آباد کے قریب ٹرین اور وین کے تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان میں اکثر وبیشتر ٹرین حادثات ہوتے رہتے ہیں، جن کی ایک بڑی وجہ اکثر پھاٹکوں پر گیٹ اور عملے کی تعیناتی نہ ہونا ہے۔

رواں برس فروری میں بھی سندھ کے شہر روہڑی کے نزدیک پاکستان ایکسپریس ٹرین اور ریلوے پھاٹک عبور کرتی ہوئی ایک مسافر بس میں تصادم کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 22 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

اس سے قبل گذشتہ برس اکتوبر میں پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے کے نتیجے میں 73 سے زائد افراد جل مرے تھے، جس کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔