پاکستانی وزیر خارجہ کی اپنے اماراتی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت
شاہ محمود قریشی نے کرونا بحران میں پاکستانی تارکین وطن کی دیکھ پر امارات کا شکریہ ادا کیا
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا کی عالمی وبا کے دوران یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی ہم منصب محمد بن زايد آل نهيان سے ٹیلی فونک رابطے میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جمعرات کے روز ہونے والے رابطے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عرب امارات نے مقیم پاکستانیوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال سمیت ہر مشکل گھڑی میں عرب امارات اور پاکستان نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کےفروغ پر اتفاق کیا۔