اسلام آباد کی ایک اور یونیورسٹی کرونا کے باعث بند

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کیسز کی تصدیق ہونے کی بناء پر ایک اور یونیورسٹی کو بند کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں واقع انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے لیے جانے والے نمونوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے باعث انتظامیہ کی طرف سے یونیورسٹی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Advertisement

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق یونیورسٹی میں کرونا کے 2 کیسز رپورٹ سامنے آئے، جس کی وجہ سے متعلقہ شعبہ جات کو سیل کیے جانے کا امکان ہے۔ جب کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اکیڈمک نے بتایا کہ کرونا کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کے تحت یونیورسٹی 29 اکتوبر تک بند رہے گی۔

دوسری طرف اسلام آباد میں ہی واقع قائد اعظم یونیورسٹی میں 5 کرونا کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ قائد اعظم یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے کرونا کیسز کی تصدیق ہوئی جس کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے قائد اعظم یونیورسٹی کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔

خط میں کہا گیا کہ انفیکشن کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کلاسوں، کیفے اور کیمپس کے اندر سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، جب کہ سیل نہ کیے جانے والے ڈیپاراٹمنٹس میں ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہوگا ، اس کے ساتھ ساتھ خط میں کرونا سے متاثرہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے افراد کو فورا کورنٹین میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔

قبل ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ایک مقامی میڈیکل کالج میں کورونا کے 8 کیسز سامنے آ گئے تدریسی عمل ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا گیا۔ بتایا گیا کہ اسلام آباد کے میڈیکل کالج میں 8 کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کی طرف سے ایک ہفتے کے لیے کالج کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ جس کے بعد کالج میں یکم نومبر تک تدریسی عمل معطل رہے گا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس میں طلبہ کو گھر پر رہ کر کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ کرونا پازیٹو کیسز کی بنیاد پر نشاندہی کیے گئے علاقوں تک دیگر شہریوں کو محدود رسائی دی جائے گی جبکہ صرف ضروری ملازمتوں سے منسلک افراد کو ہی ایسے علاقوں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی کرونا کی دوسری لہر آچکی ہے اس لیے تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ ایس پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔‘

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں ایف 11/3 سٹریٹ 46، ایف 11/2سٹریٹ 26، آئی /2-8 سٹریٹ 58، آئی /3-8 سٹریٹ 57، آئی /4-8 سٹریٹ 91، پاکستان ٹاون فیز 1 سٹریٹ30 ، میڈیا ٹاون بلاک D سٹریٹ 10، کے علاوہ جی 11-2/ سٹریٹ33، جی /2-6 سٹریٹ 35 شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں