.

پاکستان میں کرونا سے مزید 19 افراد جاں بحق، 2128 نئے کیسز رپورٹ

اموات 7160، متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 جبکہ 1379 مریضوں کی حالت تشویشناک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 19 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد 7160 ہو گئی۔ 2128 کیسز رپورٹ ہونے سے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کرونا وائرس کے 1379 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے پیر کے روز کرونا وائرس کے حوالے سے جاری تازہ اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 2 ہزار128 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار32 ہو گئی۔ پاکستان میں کرونا کے 3 لاکھ 23 ہزار824 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا اور یہ تعداد 28048 تک پہنچ گئی۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح دو فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 90.2 فیصد تک پہنچ گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 599 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کرونا وباتیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کرونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہو چکی ہے۔ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔ احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہو کر ہم کرونا کی دوسری لہرسے نمٹ سکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے 735 ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کے لیے سہولیات ہیں اور ہسپتالوں میں کرونا کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرزکی تعداد ایک ہزار 920ہے۔ ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اور قرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔