مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین کرونا کے باعث چل بسیں
مرحومہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں، چیئرمین سینیٹ ودیگر کا اظہار تعزیت
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین کرونا کے باعث چل بسیں ۔سینیٹر کلثوم پروین گذشتہ چند ہفتوں سے کرونا وائرس میں مبتلا تھیں اور انہیں 28 نومبر کو طبیعت بگڑنے پر اسلام آباد کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ پیر کی علی الصبح انتقال کرگئیں۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ مرحومہ گذشتہ کئی روز سے کرونا میں مبتلا تھیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک مخلص اور محنتی سیاستدان سے محروم ہو گیا۔ کلثوم پروین نے بلوچستان میں پسماندہ طبقات کی بھرپور نمائندگی کی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کلثوم پروین کے اہل خانہ کو فون کرکے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا ایک انتہائی فعال اور مدبر سیاستدان سے محروم ہوگیا۔ غمزدہ خاندان کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کا شریک ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے بھی کلثوم پروین کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کلثوم پروین دلیر خاتون تھیں، سینیٹ میں انہوں نے جاندار خدمات انجام دیں، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔