.

کرکٹر ثنا میر کرونا میں مبتلا، خود کو قرنطینہ کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹر ثنا میر بھی دیگر شخصیات کی طرح کرونا کا شکار ہو گئیں، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

ثنا میر نے اپریل 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ کرکٹ کمنٹری سے منسلک ہوگئیں اور ان دنوں وہ ایک کرکٹ ایونٹ میں کمنٹری کے فرائض سر انجام دے رہی تھیں کہ ان میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔ اپنی فیس بک وٹوئٹر پوسٹ میں ثنا میر نے تصدیق کی کہ ان میں 5 جنوری کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کق قرنطینہ کرلیا۔

سابق کرکٹر وکمنٹیٹر نے بتایا کہ ان کے قریب رہنے والے دیگر افراد نے بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کروایا مگر خوش قسمتی سے ان میں سے کسی میں بھی کرونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔ انہوں نے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں کرونا کی بہت سخت علامات نہیں ہیں، تاہم ان میں کرونا کی بعض علامات موجود ہیں۔ انہوں نے پوسٹ کے ذریعے مداحوں اور عام افراد کو اپیل کی کہ ہر وقت فیس ماسک پہن کر رکھیں۔

ثنا میر نے کرونا کی تصدیق کے ساتھ ہی اپنی ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اپنا 35 واں جنم دن بھی قرنطینہ میں احتیاطی تدابیر اور اپنے اہل خانہ سے دور رہ کر منایا۔ انہوں نے سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ان سے قبل بھی متعدد اسپورٹس شخصیات میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس میں سے زیادہ افراد صحت یاب ہوگئے۔ گزشتہ برس نیوزی لینڈ کے دورے پر گئی قومی ٹیم کے تقریبا تمام ہی کرکٹرز میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم تمام کرکٹرز 2 ہفتوں کے اندر ہی صحت یاب ہوگئے تھے۔

اسپورٹس شخصیات کے علاوہ ملک میں شوبز شخصیات وسیاستدانوں اور سماجی رہنمائوں میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم ان میں سے زیادہ تر افراد 2 سے 3 ہفتوں میں صحت یاب ہوگئے۔