.

کرونا سے ملک بھر میں مزید 46 افراد جاں بحق، 2899 نئے کیسز رپورٹ

مرنے والوں کی تعداد 10ہزار 644 ہو گئی، 4 لاکھ56ہزار669 افراد صحت یاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید 46 افراد جا ں بحق ہو گئے جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 10ہزار644 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کرونا کے 2ہزار899 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 416 تک پہنچ گئی ہے۔ملک میں کرونا4 لاکھ56ہزار669افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور فعال مریضوں کی تعداد34ہزار803ہے۔

گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 44 ہزار410کرونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ ملک بھرمیں اب تک 70لاکھ 88 ہزار 014 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔کرونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 4 ہزار 260افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3ہزار 6593، خیبرپختونخوا ایک ہزار728، اسلام آباد439، گلگت بلتستان101، بلوچستان میں 188اور آزاد کشمیر میں 235افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کرونا کیسز کی تعداد 39 ہزار120، خیبر پختونخوا میں 60 ہزار 148، سندھ 2لاکھ 25 ہزار509، پنجاب ایک لاکھ 44ہزار904، بلوچستان 18 ہزار 373، آزاد کشمیر 8 ہزار 478 اور گلگت بلتستان میں 4ہزار 879افراد کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔پاکستان میں پہلے 50 ہزار کیسز 86دنوں اور آخری پچاس ہزار کیسز صرف بائیس روز میں سامنے آئے۔ پاکستان میں کرونا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا جبکہ کرونا سے پہلی موت اٹھارہ مارچ کو رپورٹ ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا مثبت کیسزکی شرح 5.92 فیصد ہو گئی ہے۔ کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح زیادہ 13.84فیصد ہے۔حیدرآباد میں شرح 8.79فیصد، سوات 7.89، آزاد جموں کشمیر2.14، بلوچستان 4.95،اسلام آباد3.98، خیبرپختونخوا5.87، پنجاب4.44اور سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 8.40 فیصد ہے۔

قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں کرونا کی نئی قسم کی تصدیق کر دی ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق دو پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی نئی قسم پائی گئی۔ دونوں شہری برطانیہ سے وطن واپس آئے۔وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کرونا کی نئی قسم کے چار مشکوک مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔ چاروں کے ٹیسٹ لے کر این آئی ایچ بھجوا دئیے ہیں۔