.

پاکستان میں تعلیمی اداروں کے 18 جنوری سے مرحلہ وار کھولنے کا نیا شیڈول جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی وفاقی وزارت تعلیم نے میٹرک اور انٹر کی کلاسز 18 جنوری جبکہ پہلی سے آٹھویں جماعت اور جامعات کو یکم فروری سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

کرونا کے سبب بند تعلیمی اداروں کے کھولنے سے متعلق فیصلوں کے لیے آج اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم ، معاون خصوصی برائے صحت شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کی۔

اجلاس کےبعد شفقت محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے کیسز اب بھی بڑھ رہے ہیں مگر پچھلے 8 ماہ کے دوران تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے اور تعلیمی ادارے بند ہونے سے سیکھنے کی صلاحیت نیچے چلی جاتی ہے۔

وزیر تعلیم کے مطابق 9 ویں سے 12کے امتحانات ہونے والے ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا، لہذا نویں سے 12 ویں جماعت تک کلاسیں 18 جنوری سے ہی شروع ہوجائیں گی اور جامعات یکم فروری کو ہی کھلیں گی، تاہم پہلی سے 8 ویں تک کی کلاسز کے آغاز میں ایک ہفتے کی تاخیر کی گئی ہے اور اب وہ 25 جنوری کے بجائے یکم فروری سے کھلیں گی۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اگلے ہفتے تمام صورتحال پر دوبارہ غور کیا جائے گا اور این سی او سی اجلاس میں شہروں میں وبا کے پھیلاؤ کا مزید جائزہ لیں گے۔