پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید ایک ہزار 981 مریض صحت یاب

گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1594 کیس، جبکہ 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان میں کرونا وائرس کو تقریباً 11 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران یومیہ کیسز اور اموات کا سلسلہ بدستور برقرار ہے تاہم اس میں اتار چڑھاؤ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 594 کیسز سامنے آئے جبکہ 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم مزید ایک ہزار 981 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوئے۔

Advertisement

ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 32 ہزار 412 ہوچکی ہے جس میں سے 91.4 فیصد یعنی 4 لاکھ 86 ہزار 489 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ 11 ہزار 295 زندگی کی بازی ہار گئے اور اب ملک میں 34 ہزار 628 فعال کیسز ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

تاہم تقریباً 2 ماہ بعد 18 جنوری سے نویں سے 12ویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے گئے البتہ جامعات اور پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے لیے تعلیمی اداروں کو یکم فروری سے کھولا جائے گا۔ آج 24 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 635 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 570 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 13 مریضوں کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 888 تک پہنچ گئی ہے۔

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 485 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 410 ہوگئی۔علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 561 ہوگئی۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 342 افراد کو کرونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 65 ہزار 287 ہوگئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 832 تک جا پہنچی۔

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 736 ہوگئے۔بلوچستان میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 84 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار 713 تک جا پہنچی۔وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 2 مریضوں کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 465 ہوگئی۔

کرونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا وبا نے مزید 25 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 795 ہوگئی۔آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے جس سے یہ مجموعی تعداد 254 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان میں وبا کے 2 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 901 پر برقرار ہے۔مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں