موسم سرما میں ’کے 2‘ سر کرنے کی مہم کے دوران پاکستانی کوہ پیماؤں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ شدید موسم کی وجہ سے ایک کوہ پیما کی حالت بگڑ گئی ہے جس کے بعد انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر ریسکیو کر کے تمام ٹیم ممبران کے ہمراہ واپس بیس کیمپ پہنچا دیا گیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سد پارہ کی سربراہی میں ایک پاکستانی ٹیم موسم سرما میں پہلی مرتبہ آکسیجن سیلنڈر کے بغیر دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے 2‘ کو سر کرکے تاریخ رقم کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہے، تاہم اس مہم کے دوران انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
#K2winter2021
— Muhammad Ali Sadpara (@Alisadparaa) January 25, 2021
ٹیم ممبر کی حالت تشویشناک ہونے پہ ریسکیو کرنے ہیلی کاپٹر پہنچ چکا
موسم ابھی تک آگے بڑھنے نہیں دے رہا pic.twitter.com/G1xHc18KP4
محمد علی سدپارہ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ٹیم کے ایک رکن کی حالت بگڑ گئی ہے جس کی وجہ سے خصوصی ریسکیو ٹیم کو بلانا پڑا ہے جب کہ دیگر کو موسم کی شدت آگے بڑھنے سے روکے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ کے 2 کو دنیا کا سب سے خطرناک پہاڑ سمجھا جاتا ہے، چند روز قبل نیپالی کوہ پیماؤں نے تاریخ میں پہلی بار سردیوں میں اسے سر کیا تھا۔ پاکستانی کوہ پیماؤں نے 3 روز قبل دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کو آکسیجن کے بغیر سر کرنے کے عزم کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔