آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اردن کی مسلح افواج کے چیئرمین جائنٹ چیف آف سٹاف (سی جے سی ایس) میجر جنرل یوسف احمد الہنیتی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور کے علاوہ علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اردن کیساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاک فوج اردن کی مسلح افواج کیساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور خطے کے امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں کی تعریف کی۔
بعد ازاں اردن کے جنرل نے چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے بھی جائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور کے علاوہ دونوں ملکوں کے مابین سکیورٹی ودفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی. دونوں نے موجودہ عالمی و علاقائی سلامتی کے ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میجر جنرل یوسف احمد الہنیتی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
جائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر تینوں سروزسز کے دستوں نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اردن کے چیئرمین جائنٹ چیف آف سٹاف میجر جنرل یوسف احمد الہنیتی ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔