پاکستان کے رقبے کےاعتبار سے سب سے بڑے صوبہ بلوچستان میں مسلح جنگجوؤں نے ایک بڑی شاہراہ پر سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پرحملہ کیا ہے،جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید ہوگیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے ایک دوردراز علاقے میں فرنٹیئرکور کے فوجیوں پر رات کے وقت حملہ کیا گیا تھا۔ حملے کے بعد فوجیوں نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور وہ حملے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا پیچھا کررہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اس حملے کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔تاہم بلوچستان میں علاحدگی پسند گروپوں کے جنگجو سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں۔اسلامی جنگجو بھی سکیورٹی فورسزکوحملوں میں نشانہ بناتے رہتے ہیں۔پاکستانی حکام غیرملکی طاقتوں پر بھی بلوچستان میں مداخلت اور علاحدگی پسندوں کی سرپرستی کے الزامات عاید کرتے رہتے ہیں۔