لیگی کارکنان نے شہباز گل پر انڈے برسا دیئے، سیاہی بھی پھینک دی

پولیس نے انڈے، سیاہی پھینکنے والی خاتون سمیت (ن) لیگی کارکنان کو گرفتار کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل پر لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں دو انڈے اور سیاہی پھینکی گئی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو پہلے سے موجود مسلم لیگ(ن) کے کارکنان نے انہیں انڈے دے مارے جبکہ کارکنان نے ان پر سیاہی بھی پھینکی، سیاہی شہباز گل کے کپڑے اور ہاتھ سیاہی سے آلودہ ہو گئے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکنے والی خاتون سمیت (ن) لیگی کارکنان کوپولیس نے گرفتار کر لیا۔

Advertisement

شہباز گل نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے جانثار ہیں، بوکھلائی ہوئی اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ گالی کے جواب میں گالی نہیں دیں گے، تشدد کے جواب میں مخالفین کی تربیت کریں گے، اپوزیشن جو بھی کر لے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے عدالت بلائے گی تو ضرور آئوں گا، آپ کی طرح بہانے نہیں بنائوں گا، عدالتیں جب ان کو بلاتی ہیں تو ان کی کمر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت میں ایف آئی اے کی مصدقہ دستاویزات دیں، مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر میں نے مقدمہ درج کرایا، قانون اور عدالتوں کا ہر صورت احترام کریں گے

پیر کے روز شہباز گل پر لیگی کارکنوں نے اس وقت سیاہی پھینک دی جب وہ لاہور ہائیکورٹ میں اپنے ایک مقدمے کے سلسلے میں پیش ہونے کے لیے عدالت میں داخل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اگلی پریس کانفرنس مریم نواز کے گھر کے باہر کریں گے اور اگر سیاہی پھینکی گئی تو وہیں سے پانی لے کر منہ دھو لیں گے۔‘ شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’میں جٹ خاندان کا بیٹا ہوں اور ان کے سات دیہات کے 32 ہزار ووٹر آ گئے تو آپ کی سلطنت گر جائے گی۔‘ انہوں نے کہا کہ وہ عدالت میں مدعی کے طور پر آئے تھے اور آئندہ بھی آتے رہیں گے انہیں کوئی حملہ ڈرا نہیں سکتا۔

انہوں نے حملے کے وقت پولیس کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے پولیس سے گلہ نہیں جو وہ کر سکتے تھے انہوں نے کہا اور جو نہیں کر سکے، کوئی بات نہیں۔‘

سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ شہباز گل پر سیاہی پھینکنے کا واقعہ مذمت سے آگے کا ہے جبکہ وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ شہباز گل پر حملے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی۔انہوں نے شہباز گل کے لاہور ہائیکورٹ جانے سے قبل کئے گئے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صاف ظاہر ہے کہ شہباز گل پر حملے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

شہباز گل پر تشددکے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سیاست میں تشدد دھمکی ن لیگ کی پرانی روایت ہے۔ مسلم لیگ ن کی صدارت پر نواز شریف نے اسی طرح قبضہ کیا۔ انہی لوگوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔ ڈی چوک پر انہوں نے جان بوجھ کر تماشا لگایا۔ ن لیگ کو سوچنا چاہیے کہ وہ سیاست کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں۔ ان حرکتوں سے ن لیگ والوں کی مایوسی نظر آتی ہے۔ لڑائی جھگڑا مسلم لیگ(ن) کو وطیرہ بن گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں