.

اسلام آباد سمیت پنجاب کے 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان

قانون کی خلاف ورزی کرنے والے سکول سیل کردیے جائیں گے: شفقت محمود کی نیوز کانفرنس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کرونا کی تیسری لہر کے بعد بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے 9 اضلاع میں تمام تر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کرونا کی شدت کم ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کرونا کا پھیلائو تشویش ناک ہے۔ خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں بھی کرونا کا پھیلاؤ ہے۔ پنجاب کے 9 اضلاع اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

مزید کن اضلاع اور کن شہروں میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے سکول سیل کردیے جائیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ کرونا کے پیش نظر گذشتہ برس نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات نہیں ہوئے تھے تاہم اس بارایسا نہیں ہوگا۔ نویں تا بارہویں امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔

کیمبرج نظام تعلیم کے امتحانات جلد شروع ہورہے ہیں۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کیمبرج کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔پریس کانفرنس سے قبل وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں کرونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) میں ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے۔ گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر کے وزرا، اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان، پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ قمر اور چیئرمین ایچ ای سی بھی شریک ہیں۔ صوبائی وزرا تعلیم ویڈو لنک سے اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں کرونا کیسز کی مثبت شرح کا جائزہ لیا گیا اور کرونا کی تیسری لہر کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند یا کھلے رکھنے سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔