.

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 100 افراد انتقال کر گئے

یہ تعداد 9 ماہ بعد ایک دن میں سب سے زیادہ ہونے والی ہلاکتیں ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کرونا وائرس نے پاکستان کے طول وعرض میں خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ جان لیوا وائرس سے ایک دن میں مزید 100 افراد جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 کرونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ ایک لاکھ 53 ہزار 36 ہوگئی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 084 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 158، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 044، اسلام آباد میں 57 ہزار 204، بلوچستان میں 19 ہزار 535، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 016 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں کرونا کے فعال مریضوں کی تعداد 48 ہزار 566 ہے۔ جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کرونا سے ہلاک و صحت یاب مریض

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا سے مزید 100 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 356 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس 11 جون کو تقریباً 9 ماہ پہلے ایک دن میں 101 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں۔

این سی او سی کے مطابق کرونا سے ایک دن میں 2 ہزار 081 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 278 ہو گئی ہے۔

دنیا میں 12 کروڑ 82 لاکھ مریض

دنیا کا کوئی خطہ کرونا وائرس کی موذی وبا سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 کروڑ 82 لاکھ 42 ہزار 488 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 28 لاکھ 4 ہزار 370 ہو گئیں۔

کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 2 کروڑ 19 لاکھ 76 ہزار 1 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں تنہائی اختیار کیے ہوئے ہیں، جن میں سے 94 ہزار 802 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 10 کروڑ 34 لاکھ 62 ہزار 117 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کرونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تاحال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 5 لاکھ 63 ہزار 206 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 10 لاکھ 33 ہزار 801 ہو چکی ہے۔