.
کرونا وائرس

پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بند رہیں گے

نویں سے 12ویں تک سکول 19 اپریل سے کھولنے جبکہ جامعات بند رکھنے کا فیصلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وفاقی حکومت نے کرونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ نویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے 19 اپریل سے ایس او پیز کے تحت کھلیں گے۔

منگل کو کرونا وبا کی تیسری لہر کے باعث تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وصوبائی وزرائے تعلیم وصحت ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور ساتھ ہی امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کرونا کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں اضافہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملک کا ہر ضلع کرونا وائرس سے زیادہ متاثر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8 ویں تک کلاسز 28 اپریل تک کے لیے نہیں ہوں گی اور صوبے اس حوالے سے فیصلہ کریں گے کہ کون سے ضلع متاثرہ ہیں اور کہاں یہ لاگو ہو گا۔ اس حوالے سے مزید مشاورت 28 اپریل کو ہو گی جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ عید سے پہلے چند کلاسز ہونی چاہئیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت 19 اپریل سے متاثرہ اضلاع سمیت ہر جگہ ہوں گی تاکہ بچے امتحانات کی تیاری کر سکیں۔

یونیورسٹیز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بند رہیں گی اور وہاں آن لائن کلاسز ہوں گی تاہم جو علاقے متاثرہ نہیں وہ معمول کے مطابق اپنا کام کرتے رہیں گے۔

امتحانات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کی تاریخ اس لیے بڑھائی گئی ہے تاکہ کرونا کے حالات اس وقت تک تھوڑے بہتر ہو جائیں تاہم امتحانات کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

یونیورسٹیز سے بھی درخواست کی ہے کہ وہاں داخلوں کو آگے بڑھایا جائے کیونکہ جب امتحانات دیر سے ہوں گے تو ان کے نتائج بھی دیر سے آئیں گے اور پھر یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے مزید وقت چاہئے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 85 ہزار بچے او اور اے لیول کے امتحانات دیں گے جس کے حوالے سے تمام صوبائی وزرا نے ان کو جاری رکھنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کیمبرج کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کرائیں گے۔

شفقت محمود نے کہاکہ کئی لوگ کہہ رہے ہیں کہ خطے کے دیگر ممالک میں امتحانات نہیں ہو رہے یہ درست نہیں۔ بنگلہ دیش کے علاوہ تمام ممالک میں امتحانات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے امتحانات کی تیاری کریں۔ امتحانات دینے ضروری ہیں اور یہ لازمی ہوں گے اور ایس او پیز کے مطابق ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نظر میں صرف بچوں کی بہتری ہے۔ کوشش ہے کہ بچوں کے اسکول جلد از جلد کھول دیں کیونکہ ان کی تعلیم کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرونا سے متاثرہ اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان، شیخوپورہ کے اضلاع شامل ہیں۔