سعودی سفارت کار کے قاتل جلد کیفر کردار کو پہنچیں گے: شیخ رشید

وزیر داخلہ کی پاکستان میں سعودی سفیر سے ملاقات، تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات اخوت اور محبت کی بنیاد پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات خراب کرنے کی کوئی بھی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر داخلہ نے خادمین حرمین شریفین کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہارکیا۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔

Advertisement

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور کراچی میں 2011ء میں سعودی سفارت کار کی ہلاکت سے متعلق ملزمان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سفارتکار کی پاکستان میں ہلاکت دہشت گردی کی بدترین کارروائی تھی۔ واقعہ کا بظاہر مقصد پاک سعودی عرب تعلقات کو خراب کرنا تھا۔ دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث ملزمان قانون سے بچ نہیں سکیں گے۔ ملزمان کو قرار واقعی سزا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں