.

کووِڈ-19:شاہ سلمان ریلیف مرکز کی پاکستان کے لیے طبّی سامان اورآلات کی امداد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کا شاہ سلمان مرکزبرائے انسانی امداد اور ریلیف (کے ایس ریلیف) دنیا کے چار براعظموں کے 59 ممالک میں انسانی فلاح وبہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے اور ان ممالک میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے مالی امداد مہیا کررہا ہے۔اس کے علاوہ اس نے اب تک کروڑوں ڈالر مالیت کاامدادی سامان غریب یا جنگ زدہ ممالک کے مکینوں کو مہیّا کیا ہے۔

کے ایس ریلیف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستان کوکروناوائرس کی وَبا سے نمٹنے کے لیے 15 لاکھ ڈالر مالیت کا طبی سامان، آلات اور ادویہ وغیرہ مہیّا کی ہیں۔

اسلام آباد میں متعیّن سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی نے ایک تقریب میں یہ سامان پاکستان کی نیشنل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے حوالے کیا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مہیا کردہ طبّی سامان اور آلات سے ملک میں جاری کروناوائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے میں مددملے گی۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنے بانی شاہ عبدالعزیز کے دورہی سے پاکستان میں اپنے بھائیوں کی فراخدلانہ امداد کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے پاکستان کی امداد دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی بھی عکاس ہے۔