.
کرونا وائرس

کرونا وباء: سندھ حکومت کا تمام سرکاری دفاتر،اسکولز اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سندھ حکومت نے کرونا وائرس کی نئی لہر میں تیزی کے سبب صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں سمیت سرکاری دفاتر کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اس کے علاوہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر بھی 29 اپریل سےپابندی عاید کر دی گئی ہے۔

یہ فیصلے سندھ حکومت کے کرونا ٹاسک فورس اجلاس میں اٹھائے گئے۔ اس اجلاس کی صدارت سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین گھروں سے کام کریں گے،اور سیکریٹریز صرف اپنا ضروری اسٹاف دفتر بلائیں گے۔

اس کے علاوہ صوبے بھر کے ریسٹورینٹس میں ڈائن ان کی سہولت کو ختم کر کے صرف ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی اجازت دی گئی ہے۔ جبکہ شاپنگ مالز اور کمرشل مارکیٹس کو شام 6 بجے تک کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ملک میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے ذمہ دار قومی ادارے نیشل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر [این سی او سی] کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 70 افراد انتقال کر گئے ہیں۔ گزشتہ روز میں 50 ہزار 161 افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا، 4825 افراد میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کے ساتھ مثبت آنے والی کیسز کی شرح 9.61 فیصد رہی۔