کووِڈ-19:عیدالفطر کا خطبہ مختصر،کوئی معانقہ نہیں ہوگا؛این سی اوسی کی رہ نماہدایات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے قومی کمان اورآپریشن مرکز (این سی او سی) نے عیدالفطر کے اجتماعات کے لیے نئی رہ نما ہدایات جاری کی ہیں۔

اس نے منگل کے روز ملک بھرمیں 8 مئی سے 16 مئی تک کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عایدکردہ پابندیوں کا جائزہ لیا ہے اور ان کی روشنی میں این سی او سی نے درج ذیل نئی ہدایات جاری کی ہیں:

Advertisement

1۔عیدالفطر کی نماز کے لیے اجتماعات کھلی جگہوں پر منعقد کیے جائیں اور اس دوران میں کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے تمام پروٹوکولز کی پاسداری کی جائے۔

2۔اگرنمازِعید کی مساجد ہی میں ادائی ناگزیر ہوتو ان میں تازہ ہوا کے دخول وخروج کا مناسب انتظام ہونا چاہیے۔

3۔ کسی جگہ اگرعید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوتے ہوں تو زیادہ شرکاء کے پیش نظر تعداد کم سے کم رکھنے کے لیے ایک ہی جگہ عید کی دودو یاتین تین نمازیں بھی پڑھائی جاسکتی ہیں۔

4۔ عید کا خطبہ بہت مختصر رکھنے کی کوشش کی جائے۔

5۔ مریضوں ، ضعیف العمرافراد اور 15 سال سے کم عمر بچّوں کی عیدکی نماز میں شرکت کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

6۔ عیدگاہوں یا مساجد میں چہرے پر ماسک پہننے اور 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنےکی شرط کی پاسداری کی جائے۔

7۔عید کےاجتماعات میں داخل ہونے اور باہرنکلنے کے مختلف راستے بنائے جائیں تاکہ داخلی اور خارجی راستوں پرنمازیوں کا رش نہ ہو۔

8۔ عیدگاہوں اور مساجد پر تھرمل سکریننگ اور ہاتھوں کے لیے جراثیم کش محلول (سینی ٹائزر) کا اہتمام کیا جائے۔

9۔ تمام نمازی اپنا اپنا مصلیٰ لے کر آئیں اور عید کی نماز کے لیے گھروں سے وضو کرکے آئیں۔

10۔ نمازِعید کے بعد باہم گھلنے ملنے ،مصافحہ اور معانقہ کرنے سے گریز کیا جائے۔

11۔ عیدگاہوں اور اجتماعات کی جگہوں پر کووِڈ-19 کے پروٹوکولز کو اجاگرکرنے کے لیے بینرز اور پینافلیکس کو نمایاں جگہ پرآویزاں کیا جائے۔ہجوم کے انتظام کے لیے پارکنگ کی جگہوں کو مختص کیا جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں