.

کویت نے 11 برس بعد پاکستانیوں کے لیے ویزے بحال کر دیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت سے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، کویتی حکومت نے 11 سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کردیئے ہیں۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ ریشد نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات کی، جس میں کویت کے وزیرداخلہ اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے، ملاقات میں پاکستان و کویت تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیراعظم سے پاکستانیوں کیلئے ویزے کی بحالی پر بات چیت کی اور انہیں وزیراعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔

جس کے بعد کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے 2011 سے بند فیملی اور بزنس ویزے فوری بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پاکستانی ورکرز کو بھی معاہدے کے مطابق کویتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔ اس موقع پر کویتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی اب آن لائن ویزا لے کر کویت آسکیں گے۔ انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں۔ اوردونوں ملکوں کی عوام کے درمیان پیاراور اعتماد کا رشتہ ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں۔ باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے۔ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔ پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، اور کاروباری ویزے بحال ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔