ٹرین حادثے پر سعودی قیادت کا صدر مملکت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو دو ٹرینوں کے تصادم پر ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کے صدر عارف علوی کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق دونوں ٹرینوں پر تقریباً 11 سو مسافر سوار تھے جب کراچی سے 420 کلومیٹر دور گھوٹکی کے قریب ان کا تصادم ہوا۔
ڈی سی او سکھر ریلوے ڈویژن کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو چکی ہے اور کم از کم 100 افراد زخمی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی نے منگل کو کہا ہے کہ ’شاہ سلمان نے صدر اور ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔‘
ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔
اس حادثے پر گذشتہ روز سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور پاکستان، قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے. '