.

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل کی پاکستانی ہم منصب سے دوطرفہ تعلقات پربات چیت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ہفتے کے روز ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات کے مختلف پہلووں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے شہزادہ فیصل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی قیادت کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے دفترخارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیرخارجہ قریشی کو اس سال حج کے انعقاد کے سلسلے میں درپیش چیلنجز اور صحتِ عامہ کے ضمن میں سعودی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اس تمام صورت حال کو سمجھتے ہیں۔انھوں نے خادم الحرمین الشریفیں کے عوامی مفاد میں کیے گئے فیصلوں پربھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے حالیہ کامیاب دورے کے حاصلات کا بھی جائزہ لیا ہے اور انھوں نے دونوں ملکوں کی قیادت کے فیصلوں پر جلد اورمؤثرانداز میں عمل درآمد سے اتفاق کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور کثیرقومی تنظیموں میں دونوں ملکوں کے درمیان مربوط تعاون پربھی تبادلہ خیال کیا ہے اور باہمی مفاد کے عالمی اور علاقائی امور کے بارے میں بات چیت کی ہے۔