سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے پے در پے ڈرون حملے قابل مذمت ہیں: پاکستان دفتر خارجہ
پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ سے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔
بیان کے مطابق ’یہ امر خوش آئند ہے کہ اتحادی افواج نے بارودی مواد سے لدے ڈرونز کو راستے میں ہی روک کر تباہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔‘
پاکستان نے کہا ہے کہ ان حملوں سے بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔ ’ہم ایسے حملوں کے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق پاکستان ایک بار پھر برادر ملک سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور کسی بھی خطرے کے خلاف مملکت کی سکیورٹی اور علاقائی سالمیت کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔