.

نائیجیریا کا جے ایف 17طیاروں کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

جنرل ندیم رضا کی صدر بوہاری، وزیردفاع اور فوجی سربراہوں سے ملاقاتیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سرکاری دورے پر نائیجیریا پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے نائیجیرین صدر محمد بوہاری سے ملاقات کی۔

فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق جنرل ندیم رضا گذشتہ روز سرکاری دورے پر نائیجیریا پہنچے جہاں انہوں نے صدر محمد بوہاری کے علاوہ وزیر دفاع میجر جنرل(ر) بشیر صالحی مگاشی ، چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لیو ارابور اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ عسکری تعاون کے علاوہ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نائیجیریا کے صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کے لئے اپنی نیک تمنائو ں کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مستقل تعاون پر پاکستان اور اسکی مسلح افواج کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین جے سی ایس سی جنرل ندیم رضا نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان نائیجیریا کے ساتھ اپنے موجودہ دوطرفہ فوجی تعلقات میں توسیع کا خواہاں ہے ۔ نائیجیریا کی فوجی اور سیاسی قیادت نے متفقہ طور پر پاکستان سے نئے شامل جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جے ایف 17 طیارہ اپنی منفرد لڑائی کی صلاحیتوں کے ساتھ نائیجیریا کی سلامتی کی ضروریات کو حل کرنے میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

قبل ازیں نائیجیرین ڈیفنس ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چیئرمین جے سی ایس سی کو مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔