.

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آج ایک روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود 27 جولائی [بروز منگل] کو ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔پاکستانی حکومت اور اسلام آباد میں سعودی سفارت خانہ کے حکام نے ہفتے کے روز اس دورے کی تصدیق کی ہے۔

شہزادہ فیصل کا ایک سال میں پاکستان کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہو گا۔ قبل ازیں انھوں نے دسمبر 2020ء میں پاکستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ آیندہ ہفتے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔وہ پاکستانی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ سے متعلق بات چیت کریں گے۔

سعودی سفارت خانہ کے ایک عہدہ دار نے بتایا کہ شہزادہ فیصل کی منگل کو اسلام آباد میں آمد متوقع ہے۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کا تسلسل ہے۔اس کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے ہوا تھااوراس کے بعد پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

ولی عہد شہزادہ محمد کے فروری 2019ء میں اسلام آباد کے دورے کے موقع پر سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے کیے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے مئی میں پاکستان کے وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سے متعلق متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

سعودی وزیرخارجہ کے دورے کے موقع پر ان سمجھوتوں پرپیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اس میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔