.

سعودی وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات: سکیورٹی اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستان فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان منگل کی شب ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سکیورٹی کی صورتحال، افغانستان امن عمل اور علاقائی امن پر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات میں پاکستان اور مسلح افواج کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فروغ امن کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائی چارے اور باہمی اعتماد کے بندھن میں بندھے ہیں، دونوں ممالک امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ آرمی چیف نے پاکستان اور مسلح افواج کی سپورٹ پر سعودی قیادت سے اظہار تشکر بھی کیا۔