پاکستان آرڈنینس فیکٹری کے پلانٹ میں دھماکا،3 ملازمین جاں بحق ،2زخمی
پی او ایف واہ کے ایک پلانٹ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثاتی طور پر دھماکا ہوا:آئی ایس پی آر
ضلع راول پنڈی میں واقع واہ کینٹ میں پاکستان آرڈنینس فیکٹری (پی او ایف)کے ایک پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں تین ملازمین جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پی او ایف واہ کے ایک پلانٹ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثاتی طور پر دھماکا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کو کلیئر کردیا گیا ہے اور صورت حال پی او ایف ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے قابو میں ہے۔زخمیوں کو مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد فیکٹری کی جانب جانے والی شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے۔
واہ کینٹ میں جمعرات کی شام ایک زورداردھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔اس کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی نوعیت کا تعین شروع کردیا تھا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے قریبی عمارتوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں فضا میں سیاہ دھویں کے بادل بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
#BreakingNews
— Noman Akram (@M_NomanAkram) August 12, 2021
Powerful explosion was heard in Wah Cantt P.O.F (Explosive Factory). The window panes of the nearby buildings and houses were smashed.#WahCantt #WhyBlamingPakistan pic.twitter.com/wqVy1FoxMF
واضح رہے کہ پاکستان آرڈنینس فیکٹریز ملک کا سب سے بڑا دفاعی صنعتی کمپلیکس ہے اور یہ وزارتِ دفاع کے تحت کام کرتا ہے۔یہاں روایتی ہتھیار اور گولہ بارود تیار کیا جاتا ہے۔پی او ایف بورڈ کے صدر دفاتر بھی واہ کینٹ میں واقع ہیں۔