.

وزیراعظم عمران خان سے عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزیراعظم عمران خان سے عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور عراق کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم نے عراق کی تعمیرنو کیلئے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے آنے والے پارلیمانی انتخابات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے عراق کے ساتھ متنوع شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے عراقی وزیراعظم کو دورہ کی دعوت کو دہراتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ جلد دورہ کریں گے۔ علاقائی تناظر میں وزیراعظم نے تنازعات کے با ت چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے مسئلہ کا کوئی عسکری حل نہیں جبکہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ صرف سیاسی بات چیت کے ذریعے حل ہے۔

انہوں نے پاکستان کی افغانستان کے جامع، سیاسی اور وسیع البنیاد حل کیلئے مسلسل کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ افغان امن عمل میں مدد کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ افغانستان میں امن کیلئے کوششیں سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا بھرپور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں عراقی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق ڈھالنا چاہتے ہیں۔

عراقی وزیراعظم کو دی جانے والی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے عراقی وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو عراق کے دورہ کی دعوت دی ۔

عراقی وزیر خارجہ نے خطہ میں کشیدگی میں کمی اور علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے عراقی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے ان کاوشوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔