.

کراچی : ٹرک پر دستی بم کے حملے میں 11 افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہفتے کی شب ایک ٹرک پر دستی بم کے حملے میں پانچ بچّوں سمیت گیارہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

کراچی کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے سینیرافسر راجا عمرخطاب نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ٹرک پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے۔دستی بم ٹرک کی چھت پر ٹکرانے سے قبل ہی پھٹ گیا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

کراچی کے جنوبی زون کے ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس (ڈی آئی جی) جاوید اکبرریاض نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ رات پونے دس بجے کے قریب پیش آیا ہے،ٹرک میں بیس ، پچیس افراد سوار تھے اور وہ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گھر کو لوٹ رہے تھے۔ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹرقرار عباسی نے ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال میں 10 لاشوں کی منتقلی کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ جاں بحق افراد میں چھے خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں۔متوفیٰ لڑکوں کی عمریں دس اور بارہ سال کے درمیان تھیں۔اسپتال میں دستی بم کےحملے میں زخمی ہونے والے دس افراد کو بھی فوری طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔