عمران خان اور ابوظبی کے ولی عہد کا افغانستان سمیت علاقائی صورت حال پرتبادلہ خیال
وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اتوار کے روز ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بالخصوص افغانستان کی تازہ صورت حال پرتبادلہ خیال کیا ہے۔
وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی تعلقات اور تعاون کوفروغ دینے کے عزم کااعادہ کیا۔انھوں نے کہاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے۔افغان عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے جامع سیاسی تصفیہ کی ضرورت ہے۔
انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیرنو میں افغان عوام کے ساتھ تعاون کرے اور جنگ زدہ ملک کی معاشی اور انسانی ضروریات کوپورا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
عمران خان نے دبئی میں اس سال اکتوبر میں ایکسپو 2020 کے انعقاد کے لیے بہترین تیاریوں پر ابوظبی کے ولی عہد کو مبارک باد پیش کی اور اس عالمی نمائش کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں لیڈروں نے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان اور یواے ای کے درمیان باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے سے اتفاق کیا۔