پاکستانی علما ومشائخ کی جانب سے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت
پاکستان کے علما کرام اور مشائخ عظام سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے مسلسل حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان علما کونسل کے سربراہ اور وزیراعظم کے مشیر امور مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ سعودى عرب كے مختلف شہروں پر گذشتہ روز حملے قابل مذمت اور قابل افسوس ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کو ارض حرمین شریفین مملکت سعودی عرب کی سلامتی واستحکام ہمیشہ بہت عزیز رہا ہے۔ ارض حرمین شریفین کا دفاع، پاکستان کا دفاع ہے۔
نمائند خصوصی کے مطابق ارض حرمین شریفین تمام مسلمانوں کے لیے ایسی سرخ لکیر کا درجہ رکھتی ہے جسے کسی قمیت پر پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حافظ طاہر اشرفی نے مطالبہ کیا کہ سرحد پار سے مملکت پر حملوں کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ اس موقع پر عالمی دنیا، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کو معاملہ كے حل کی خاطر فورى اقدامات كرنے چاہیں۔