.

احسان مانی کی جگہ رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بلامقابلہ نئے چیئرمین منتخب ہو گئے۔ وہ کرکٹ بورڈ کے 36ویں چیئرمین ہیں جن کا انتخاب تین سال کے لیے کیا گیا ہے۔

بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں منعقد ہوا۔ پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے انتخاب کرایا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

رمیز راجا، احسان مانی کی جگہ لیں گے جن کی گزشتہ ماہ تین سالہ مدت پوری ہوگئی تھی۔ رمیز راجا اور اسد علی خان کو پی سی بی کے پیٹرن اِن چیف وزیر اعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا۔

عمران خان جب اپوزیشن میں تھے جب وہ اس پالیسی کے مخالف تھے کہ پی سی بی چیئرمین کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے نامزدگی کی جائے۔ تاہم انہوں نے احسان مانی کو نامزد کیا اور اس بار بھی اسی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے رمیز راجا اور اسد علی خان کی نامزدگیاں کیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسد علی خان کو احسان مانی کے ساتھ بھی نامزد کیا گیا تھا۔

اس وقت بورڈ آف گورنرز کے کُل 10 اراکین میں سے 7 موجود ہیں جن میں عاصم واجد جاوید، عالیہ ظفر، اسد علی خان، عارف سعید، جاوید قریشی، رمیز راجا اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان شامل ہیں۔ صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے بقیہ 3 اراکین کا انتخاب ہونا باقی ہے جو احسان مانی کے دور کے دوران سامنے آنے والی بڑی خامی ہے۔