.

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی آپریشن؛سات فوجی جوان شہید،پانچ دہشت گرد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخوا میں واقع ضم شدہ ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے سات جوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ سکیورٹی آپریشن میں پانچ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ہے ۔اس دوران میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے اور اس میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

اس جھڑپ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر لیا ہے اور وہاں موجود دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کےلیے سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دفاع وطن کی خاطراپنی جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وطن کی خاطرجان دینے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔