.

وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزیراعظم دو روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے۔ عمران خان تاجک صدر کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیرِاعظم تاجکستان میں ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں شریک ہونگے۔ عمران خان ایران، قازقستان، بیلاروس اور ازبکستان کے صدور سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرِاعظم تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کیلئے صدارتی محل کا دورہ بھی کریں گے۔ عمران خان پاک تاجک کے مابین کاروباری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے دوشنبے میں مشترکہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔

بزنس فورم پاکستان اور تاجکستان میں تجارت بڑھانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے. فورم وزارت تجارت، سرمایہ کاری بورڈ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے. فورم میں 67 پاکستانی جبکہ 150 تاجک کمپنیاں شریک ہو رہی ہیں.

فورم میں شریک کمپنیوں کا تعلق ٹیکسٹائل، چمڑے کی صنعت، فارماسوٹیکل، ایگریکلچر، مائننگ، ٹورازم، لاجسٹکس کے شعبے سے ہے. وزیرِ اعظم اس موقع پر خطاب بھی کریں گے.

دوسری جانب فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی روس کے صدر کے ساتھ ملاقات طے تھی، صدر پیوٹن قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے دوشنبے نہیں آ رہے، صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی فون پر بات ہوئی، وزیراعظم عمران خان اور صدر پیوٹن کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور تاجکستان کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم تاجکستان میں بزنس کانفرنس میں شرکت کریں گے، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے پر بات ہوگی، افغانستان کی صورتحال کانفرنس کا کلیدی حصہ رہے گی، تاجکستان کا افغانستان کے حوالے سے کردار اہم ہے، دورہ تاجکستان سے ہمارے نظریے کو تقویت ملے گی۔