.

سکیورٹی خدشات: نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے سیریز یک طرفہ طور پر ختم کرتے ہوئے وطن واپس جانے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان طے شدہ شیڈول کے مطابق تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج بروز جمعہ راولپنڈی میں کھیلا جانا تھا۔ تاہم کیوی کرکٹ بورڈ نے اچانک سے دورہ ختم کرتے ہوئے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کر دیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھی جس کے باعث مقامی کرکٹ شائقین میں بہت اشتیاق تھا۔ اس سے قبل سیکیورٹی انتظامات پر کیوی بورڈ کی جانب سے مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا مگر عین میچ کے وقت سکیورٹی کو وجہ بنا کر میچ سمیت پوری سیریز منسوخ کر دی۔

پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے صبح بتایا کہ انھیں سکیورٹی خدشات کے حوالے سے الرٹ موصول ہوئے ہیں جس کے باعث دورہ پاکستان منسوخ کرنا ہوگا اور ٹیم کو واپس وطن بھیج دیا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دورے کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنا چاہتے ہیں اور تمام انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں لیکن آخری لمحے میں نیوزی لینڈ کے فیصلے سے کرکٹ کے شائقین کو مایوسی ہوئی ہے۔